جمعرات 1 اکتوبر 2026 - 02:48
علما عوام کی مثبت اور درست سمت میں رہنمائی کریں، پاکستان کسی نئے فتنے کا متحمل نہیں: علامہ ناظر عباس تقوی

حوزہ/ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری جنرل علامہ سید ناظر عباس تقوی نے کہا ہے کہ علما کرام موجودہ حالات میں عوام کی درست اور مثبت رہنمائی کریں، کیونکہ پاکستان کسی نئے فتنے اور انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کراچی/ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری جنرل حجۃ الاسلام و المسلمین سید ناظر عباس تقوی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں علما کرام کی ذمہ داری پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے، انہیں عوام کی مثبت، درست اور حقیقت پر مبنی رہنمائی کرنی چاہیے تاکہ کسی بھی قسم کے پروپیگنڈے یا اشتعال انگیزی کا شکار ہونے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت کسی نئے انتشار اور فتنے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

متحدہ علما محاذ کے زیرِ اہتمام ’’یمن، سعودی عرب اور وحدتِ امت‘‘ کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ناظر عباس تقوی نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل مسلم ممالک کو ایک دوسرے کے مدِمقابل لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ مسلمانوں کے مشترکہ مقدس مقامات ہیں اور ان کے تحفظ کے معاملے پر امتِ مسلمہ کو متحد رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ’’مکہ و مدینہ کے تحفظ کے لیے جہاں ہمارے سنی بھائیوں کا خون گرے گا، وہاں ہمارا خون بھی گرے گا۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ قبلۂ اول بیت المقدس کے تحفظ کے لیے بھی قربانیاں دی گئی ہیں اور مقدس مقامات کا تحفظ امتِ مسلمہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ عوام کسی بھی پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں، کیونکہ ان کے بقول دشمن یہی چاہتا ہے کہ مسلمانوں کے درمیان اختلافات اور انتشار کو ہوا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بعض تکفیری عناصر اس مسئلے کو بنیاد بنا کر ملک میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں، اس لیے علما اور مذہبی رہنماؤں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کی رہنمائی کرنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ انقلابِ اسلامی ایران کمزور ہو گیا ہے تو یہ اس کی غلط فہمی ہے۔ ان کے بقول، حالیہ جنگ کے نتیجے میں ایران خطے میں ایک طاقتور ملک کے طور پر مزید ابھر کر سامنے آیا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha